ایک ویڈیو گیم کے لیے 10 لاکھ افراد نے چھٹی لے لی، برطانیہ میں نیا ریکارڈ

ایک ویڈیو گیم کے لیے 10 لاکھ افراد نے چھٹی لے لی، برطانیہ میں نیا ریکارڈ

ویڈیو گیمز کی دنیا میں مقبول ترین گیمز میں شمار ہونے والے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (GTA 6) کی ریلیز نے برطانیہ میں ایسا جنون پیدا کر دیا کہ تقریباً 10 لاکھ افراد نے گیم کھیلنے کے لیے کام اور اسکول سے چھٹی کرلی۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیم کی ریلیز کے موقع پر تقریباً 28 لاکھ افراد نے طویل وقت تک گیم کھیلنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ 70 پاؤنڈ قیمت والے اس ایکشن گیم کی ریلیز کے دن ملازمین کی غیر حاضری اور کام کی رفتار متاثر ہونے کے باعث برطانوی معیشت کو تقریباً 40 کروڑ پاؤنڈ نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا۔

گیم کا جنون اس حد تک بڑھ گیا کہ بعض اسکولوں نے طلبا کو غیر حاضری سے روکنے کے لیے اسکول آنے پر انعامات دینے کی پیشکش بھی کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں اس گیم کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، وہیں اس کی مقبولیت برطانوی خزانے کے لیے بڑی آمدنی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ اندازے کے مطابق گیمز، گیمنگ کنسولز، لوازمات اور دیگر متعلقہ مصنوعات کی فروخت پر عائد 20 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) کے ذریعے حکومت کو تقریباً ایک ارب 30 کروڑ پاؤنڈ آمدنی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:2 ہزار سال پرانا علمی خزانہ پھر منظرِ عام پر، روم کی تاریخی لائبریری بحال

برطانوی ہیومن ریسورس کمپنی برائٹ ایچ آر کے مطابق ملازمین کی چھٹیوں کی درخواستوں میں سے 4.6 فیصد میں جی ٹی اے کا حوالہ دیا گیا، جبکہ نومبر اور دسمبر کے دوران تقریباً 83 ہزار ورکنگ ڈیز کی چھٹیاں خاص طور پر یہ گیم کھیلنے کے لیے لی گئیں۔

کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ جمعرات کے مقابلے میں بیماری کا بہانہ بنا کر چھٹی کرنے والے ملازمین کی تعداد میں 56 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ کام پر دیر سے پہنچنے والے ملازمین اوسطاً 30 منٹ تاخیر سے پہنچے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تاخیر سے آنے والے ہر 10 میں سے ایک ملازم نے نیند سے دیر سے بیدار ہونے کو وجہ قرار دیا، جبکہ گزشتہ جمعرات یہ شرح ہر 20 میں سے ایک تھی۔

یوں ایک ویڈیو گیم کی مقبولیت نے نہ صرف برطانیہ میں ملازمین اور طلبا کے معمولات متاثر کیے بلکہ ملکی معیشت پر بھی دلچسپ اثرات مرتب کیے۔

editor

Related Articles