فرنٹیئر کور (ایف سی) کی سیکیورٹی واپس لیے جانے اور مبینہ فرنٹ مین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی سیاسی حکمتِ عملی اور ڈیرہ اسماعیل خان چھوڑ کر پشاور کے مرکز میں محصور ہو جانے پر سیاسی مبصرین، تجزیہ کاروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
جلسوں اور دھرنوں میں ریاستی اداروں کو للکارنے اور لاکھوں کارکنوں کی طاقت کے بلند بانگ دعوے کرنے والے فضل الرحمان چند سرکاری اہلکاروں کے ہٹتے ہی شدید خوف و ہراس کا شکار ہو کر پشاور کے مرکز کی چار دیواری میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، جس پر سیاسی حلقوں نے انہیں “بزدل لیڈر” قرار دے دیا ہے۔
اس ساری صورتحال کا سب سے افسوسناک اور دوغلا پہلو یہ ہے کہ ایک طرف فضل الرحمان نے اپنی ذات کو محفوظ رکھنے کے لیے آبائی حلقے ڈیرہ اسماعیل خان سے نکل کر پشاور کے مرکز میں پناہ لے لی ہے، تو دوسری طرف غریب گھرانوں کے معصوم کارکنوں اور مدارس کے طلبہ کو غلط سمت پر لگا کر سڑکوں اور احتجاج کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے۔
قیادت کی اصل پہچان مشکل وقت میں کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے سے ہوتی ہے، مگر یہاں معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے جہاں لیڈر خود چار دیواری میں قید ہو کر بیٹھ گیا ہے اور کارکنوں کو ریاستی رٹ سے ٹکرانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
جب تک سرکاری خزانے سے مفت سیکیورٹی، بلٹ پروف گاڑیاں اور شاہانہ پروٹوکول میسر تھا، اس وقت تک فضل الرحمان کے لہجے میں للکار اور گرج چمک نمایاں تھی، لیکن جیسے ہی ایف سی اہلکاروں کو 15 منٹ میں واپس بلایا گیا اور اسلام آباد میں زیرِ تعمیر چار کنال گھر کے مبینہ فرنٹ مین کے وارنٹ جاری ہوئے، تو ساری بہادری ہوا ہو گئی۔
یہ بزدلانہ طرزِ عمل اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مذہب اور نظریے کے نام پر کی جانے والی اس سیاست میں قربانی صرف غریب کارکن کے حصے میں آتی ہے، جبکہ لیڈر اور اس کا خاندان ہمیشہ محفوظ پناہ گاہوں اور مراعات کی تلاش میں رہتا ہے۔
عوامی حلقوں اور خود پارٹی کے سنجیدہ کارکنوں میں بھی اس حکمتِ عملی پر بے چینی بڑھتی جا رہی ہے کہ آخر کس مقصد کے تحت کارکنوں کو غلط راستے پر دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ قیادت خود پشاور کے مرکز سے باہر نکلنے کا حوصلہ بھی نہیں رکھتی۔
پشاور کے اس مرکز کی قانونی حیثیت، مالی معاملات اور وہاں ہونے والی سرگرمیوں کا بھی مکمل جائزہ لیا جانا چاہیے، کیونکہ احتساب اور قانون کے شکنجے سے بچنے کے لیے کسی مرکز کی چار دیواری کو ڈھال بنانا اب زیادہ دیر تک کارگر ثابت نہیں ہو سکے گا۔