بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور معروف کاروباری شخصیت اننت امبانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں اننت امبانی انہیں انگلی ہونٹوں پر رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا میں منعقدہ گلوبل پیس آنرز 2026 کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ اس موقع پر اننت امبانی معروف روحانی رہنما سدگرو کے ساتھ اسٹیج پر گفتگو کر رہے تھے کہ شاہ رخ خان بھی ان کے قریب پہنچ گئے۔
وائرل ویڈیو میں بظاہر دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہ رخ خان کچھ کہنا چاہتے ہیں، تاہم اننت امبانی ان کی بات درمیان میں روک کر انگلی ہونٹوں پر رکھتے ہوئے انہیں خاموش رہنے کا اشارہ کرتے ہیں۔
اس غیر متوقع اشارے پر شاہ رخ خان چند لمحوں کے لیے حیران اور قدرے شرمندہ دکھائی دیتے ہیں، تاہم بعد میں وہ مسکراتے ہوئے وہاں موجود دیگر افراد سے گفتگو شروع کر دیتے ہیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ بعض صارفین نے اس واقعے کو دولت اور طاقت کے اثر و رسوخ سے جوڑا، جبکہ دیگر نے اننت امبانی کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورتحال میں باہمی احترام کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ یہ تقریب 26 نومبر 2008 کے ممبئی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرنے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں رنویر سنگھ، اکشے کمار اور وکرانت میسی سمیت متعدد معروف شخصیات نے بھی شرکت کی۔