پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا ہوگیا، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا ہوگیا، نوٹیفکیشن  جاری

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے اگلے تین روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 21 سے 23 نومبر 2026 تک ہوگا۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک روپے کمی کے بعد 323 روپے سے کم ہوکر 322 روپے ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت دو روپے اضافے کے بعد 355 روپے سے بڑھ کر 357 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں چند روز کی مسلسل کمی کے بعد معمولی اضافہ ، ڈیزل کی قیمت برقرار

حکومت نے 19 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد قیمت 323 روپے ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 355 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی تھی۔

اس سے قبل 18 نومبر کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تین، تین روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 322 روپے اور ڈیزل 355 روپے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اسی طرح 17 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں تین روپے کمی کرکے اسے 325 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا، جبکہ ڈیزل کی قیمت 358 روپے پر برقرار رکھی گئی تھی۔ 16 نومبر کو بھی دونوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو، دو روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 43 مرتبہ کمی اور 40 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 36 مرتبہ کم اور 46 مرتبہ بڑھائی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا سلسلہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث جاری ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

Related Articles