دنیا میں نئے صوبے بن سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں؟ خواجہ آصف نے ذاتی ایجنڈے والوں کو بے نقاب کر دیا

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والوں کو اپنی سوچ پر نظرثانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں نئے صوبے بنتے رہتے ہیں، پاکستان میں بھی اس معاملے کا کوئی نہ کوئی راستہ نکالنا ہوگا۔

 نجی ٹی وی کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیں، کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ نئے صوبوں کے معاملے پر سیاست دانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں بات چیت کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔ خون خرابے کی باتیں کرکے اس معاملے کو کس سمت لے جایا جا رہا ہے؟ اگر سیاسی راستے بند کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ ملک، سیاست اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو آگے بڑھا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس پر تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہو۔

 انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم شہباز شریف اس سلسلے میں صدر آصف علی زرداری اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرچکے ہیں۔ ملک میں ہائبرڈ نظام حکومت چل رہا ہے اور اس میں دیگر سیاسی شراکت دار بھی شامل ہیں۔

وزیر دفاع نے سندھ کی صورتحال سے متعلق کہا کہ ذاتی سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے صوبے میں حالات خراب ہونے کو جواز بنایا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles