اداکارہ، گلوکارہ اور میزبان فضاعلی ایک بار پھر خبروں میں آ گئی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا یومِ مزدور کے موقع پر کیا گیا خصوصی شو بن گیا ہے۔
فضا علی نے یکم مئی کے حوالے سے ایک پروگرام میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو مدعو کیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران وہ ایک ویڈیو میں بیلچہ ہاتھ میں لیے مزدوروں کے ساتھ نظر آئیں اور ایک خصوصی ریِل بھی بنائی۔
تاہم یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں کئی افراد نے اس عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ مزدوروں کو اس انداز میں پیش کرنا مناسب نہیں تھا اور انہیں عام مہمانوں کی طرح عزت کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ جبکہ دیگر نے رائے دی کہ اگر ان کی حقیقی معنوں میں قدر کی جاتی تو اسے محض ویوز اور ریٹنگ کے لیے استعمال نہ کیا جاتا۔
کچھ تبصروں میں طنزیہ انداز بھی اپنایا گیا، جہاں صارفین نے کہا کہ یہ صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔
یہ معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر کانٹینٹ بنانے کے طریقوں، اخلاقیات اور عوامی ردعمل سے متعلق بحث کو جنم دے رہا ہے، جہاں صارفین زیادہ ذمہ دارانہ رویے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔