وینزویلا میں زلزلے نے تباہی مچادی ، 164 افراد ہلاک، ایک ہزارسے زائد زخمی

وینزویلا میں زلزلے نے تباہی مچادی ، 164 افراد ہلاک، ایک ہزارسے زائد زخمی

وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 164 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا اندیشہ ہے ۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق زلزلے کے شدید جھٹکے دارالحکومت کاراکاس سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.2 اور 7.5 تھی، پہلے زلزلے کی گہرائی 22کلومیٹر، جبکہ دوسرے زلزلے کی گہرائی 10کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے سے کئی عمارتیں اور مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

حکومت نےمتاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرنےکا اعلان کردیا، عبوری صدر کا کہنا ہے کہ زلزلے سے سب سے زیادہ کراکس کے شمال میں واقع ریاست لا گوائیرا متاثر ہے جہاں درجنوں عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں ،  انھوں نے اسے ’آفت زدہ علاقہ‘ قرار دیا ہے۔

عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق وینزویلا میں آنے والے زلزلوں میں سے ایک سنہ 1900 کے بعد ملک میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔

گذشتہ رات آنے والے پہلے زلزلے کی شدت یو ایس جی ایس کے مطابق 7.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں آنے والے دوسرے زلزلے کی شدت 7.5 تھی۔

 یہ بھی پڑھیں :جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری کردی گئی

ادارے کے زلزلوں کے ریکارڈ کے مطابق 29 اکتوبر 1900 کو وینزویلا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جسے سان نارسیسو زلزلہ کہا جاتا ہے۔

زلزلے کےباعث مائیکیٹیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کوہونے والےنقصان کے بعد عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی ہے،امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اورمتاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کےمطابق زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پرجانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

ادارے نے اندازہ ظاہرکیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات 44 فیصد ہیں جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles