سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے درمیان مجوزہ ملاقات سے متعلق نجی میڈیا چینلز پر نشر ہونے والی خبریں حقائق کے منافی اور بے بنیاد قرار دی گئی ہیں۔
کچھ نجی ٹی وی چینلز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ جیل حکام اور پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بیرسٹر سیف سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ ماہ خاندان سے ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے بیرسٹر سیف سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم ملاقات نہ ہو سکی۔
تاہم ذرائع کے مطابق ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور عمران خان اور بیرسٹر سیف کے درمیان کسی بھی قسم کی ملاقات طے نہیں کی گئی۔
دوسری جانب جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حال ہی میں اڈیالہ جیل میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی اور تقریباً 50 منٹ تک جاری رہی۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کل کتنا سستا ہو گا ؟ تفصیلات آ گئیں
اس دوران عمران خان سے ملاقات کے لیے آنے والے وکلا اور اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی، شفیع جان اور میاں خان آفریدی فیکٹری ناکہ پوائنٹ پر موجود رہے، جبکہ عمران خان کی تینوں بہنیں بھی بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں کے ہمراہ وہاں موجود تھیں۔
حامیوں اور اہلِ خانہ کی بڑی تعداد جیل کے باہر جمع رہی، تاہم حکام نے کسی کو بھی پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث جیل کے باہر صورتحال کشیدہ رہی۔
ادھر عمران خان کی آنکھ کے علاج کے سلسلے میں بھی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق انہیں سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت رات گئے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے ان کی متاثرہ آنکھ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں :جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری کردی گئی

