روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں اہم عالمی اور دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کریملن کے ترجمان کے مطابق صدر پیوٹن نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر ٹرمپ کو مبارکباد دی، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی۔
بات چیت کے دوران یوکرین تنازع، ایران کی صورتحال اور روس و امریکا کے دو طرفہ تعلقات کی بحالی جیسے اہم معاملات زیر غور آئے، فریقین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستے تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی۔
کریملن کے مطابق صدر ٹرمپ نے یوکرین جنگ کے خاتمے اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے ثالثی میں کردار ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی،اس سلسلے میں ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ماسکو کے دورے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
روسی صدارتی دفتر کے مطابق صدر پیوٹن نے روس کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے تنازع کے سیاسی اور سفارتی حل پر زور دیا اور باہمی روابط کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی بات کی۔