صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہباز شریف نے نشانِ حیدر کے حامل قومی ہیرو کیپٹن شیر خان شہید کے 27ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہادری، جرات اور لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن شیر خان شہید نے انتہائی نامساعد حالات میں غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی عظیم قربانی وفاداری، شجاعت اور فرض شناسی کی اعلیٰ روایات کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے اور پاکستان کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت ہی ملک کا امن، آزادی اور خودمختاری محفوظ ہے،وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ حکومت اور پوری قوم ہر بیرونی اور اندرونی خطرے کے خلاف اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی کیپٹن شیر خان شہید کے27ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانی ہمیشہ زندہ رہے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، ایثار اور وطن سے محبت کی روشن مثال بنی رہے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے شہداء ہمارا قومی سرمایہ ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گاانہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے اور انہی عظیم قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے۔