جنرل سید عامر رضا، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھال لیا ہے نئے عہدے پر تقرری کے بعد جنرل سید عامر رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے مطابق جنرل سید عامر رضا نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سید عامر رضا کو نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے قومی سلامتی اور دفاعی امور سے متعلق اہم ذمہ داریوں کی اہمیت پر زور دیا،جنرل سید عامر رضا کی تقرری نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی قیادت میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔