برطانوی شاہی خاندان کی آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کا وہ مشہور سیاہ لباس، جسے دنیا بھر میں ’ریوینج ڈریس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک بار پھر نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تاریخی لباس رواں برس 9 دسمبر کو نیویارک میں ہونے والی خصوصی فیشن نیلامی میں پیش کیا جائے گا، جس کا اہتمام معروف نیلام گھر سوتھبیز کر رہا ہے۔

مشہور ڈیزائنر کرسٹینا اسٹیمبولین کا تیار کردہ یہ سیاہ ریشمی لباس لیڈی ڈیانا کے سب سے یادگار ملبوسات میں شمار ہوتا ہے۔ نیلامی سے قبل اسے لندن، ہانگ کانگ اور جنیوا میں نمائش کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔ سوتھبیز کے اندازے کے مطابق اس لباس کی قیمت 1 لاکھ 50 ہزار سے 3 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان لگ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سلمان خان ہمیشہ فیروزی بریسلٹ کیوں پہنتے ہیں؟ راز سامنے آگیا
’ریوینج ڈریس‘ نام کیوں پڑا؟
یہ لباس صرف اپنی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور نہیں ہوا بلکہ اس کے ساتھ جڑی کہانی نے اسے شاہی تاریخ کا ایک یادگار حصہ بنا دیا۔ لیڈی ڈیانا نے یہ لباس جون 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں منعقدہ ایک تقریب میں پہنا تھا۔ اسی روز شہزادہ چارلس کی ایک ٹی وی دستاویزی فلم میں ان کے ازدواجی تعلقات کے بارے میں گفتگو نشر ہوئی تھی۔
ڈیانا کا انتہائی پراعتماد انداز اور کندھوں سے نمایاں سیاہ لباس دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ بعد میں میڈیا نے اسے ’ریوینج ڈریس‘ کا نام دے دیا۔
خیراتی مقصد کے لیے پہلی بار نیلامی
رپورٹس کے مطابق لیڈی ڈیانا نے اپنی زندگی میں اس لباس سمیت 78 دیگر ملبوسات بھی نیلامی کے لیے پیش کیے تھے۔ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کینسر اور ایڈز کے خلاف کام کرنے والے خیراتی اداروں کو دی گئی تھی۔ اب کئی دہائیوں بعد ’ریوینج ڈریس‘ ایک بار پھر نیلامی کی میز پر ہے، جہاں اس کی قیمت لاکھوں ڈالر تک پہنچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔


