فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد ہونے والی جھڑپ کے معاملے میں ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی عائد کردی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے پیریڈیز پر 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ان کے ساتھی کھلاڑی ناہوئل مولینا کو 7 میچز کے لیے معطل کیا گیا جبکہ ان پر بھی 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔
فیفا نے ارجنٹائن کے دیگر کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشل کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔ تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا پر ایک ایک میچ کی پابندی عائد کرتے ہوئے 30 ہزار امریکی ڈالر فی کس جرمانہ کیا گیا۔ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کیا گیا جبکہ ان پر بھی 30 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد ہوا۔ فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں کے تحت مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کردیا۔
ارجنٹائن کے ہوم میچز پر بھی پابندی
فیفا نے ارجنٹائن کو آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم دیا ہے۔ تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی فی الحال معطل کردی گئی ہے۔ فیفا کے مطابق یہ کارروائی ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے مقرر کیے گئے ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کی گئی۔