پاک افغان بارڈر کے غلام خان سیکٹر میں افغان سرزمین سے 15 دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی، کارروائی میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دراندازی کی کوشش کرنے والے مسلح افراد میں کمانڈر مزدیگری مروت کے کارندے اور وزیر گروپ کے دہشت گرد شامل تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور تمام مسلح افراد کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق غلام خان سیکٹر میں پیش آنے والا واقعہ افغان سرزمین کے استعمال کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو مزید نمایاں کرتا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف کارروائیوں کا مؤثر جواب دیا جائے گا اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغان حکام سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اور ٹھوس کارروائی کریں۔