پاکستانی اداکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر خاقان شاہنواز اپنے حالیہ بیان کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئے، جس میں انہوں نے فوجی جوانوں کی خدمات اور تنخواہ سے متعلق گفتگو کی تھی۔
ایک پوڈکاسٹ کے دوران مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے احترام پر بات کرتے ہوئے خاقان شاہنواز کا کہنا تھا کہ ملک کی خدمت کرنے والے تمام افراد یکساں عزت کے مستحق ہیں۔
انہوں نے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ فوجی جوان سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دینے کے عوض تنخواہ بھی وصول کرتے ہیں۔ اداکار کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے ان کے الفاظ کو شہدا کی قربانیوں کے حوالے سے نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔
معاملے پر تنقید بڑھنے کے بعد خاقان شاہنواز نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے وضاحت پیش کی اور معذرت کرلی۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ وہ مسلح افواج اور شہدا کا دل سے احترام کرتے ہیں اور ان کا مقصد کسی کی توہین یا دل آزاری کرنا نہیں تھا۔