کل تک ایک دوسرے کو کرپشن کنگ اور ڈیزل کہنے والے آج ایک صف میں؟ بلاول، فضل الرحمان گٹھ جوڑ پر ملتان کے شہریوں کا ردعمل

کل تک ایک دوسرے کو کرپشن کنگ اور ڈیزل کہنے والے آج ایک صف میں؟ بلاول، فضل الرحمان گٹھ جوڑ پر ملتان کے شہریوں کا ردعمل

ملکی سیاست میں بدلتی وفاداریوں، اتحادوں اور اختلافات کے درمیان عام شہریوں کا ردعمل تیزی سے تلخ اور دوٹوک ہوتا جا رہا ہے ،  فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی جماعتوں کے بدلتے رویوں  پر گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے سخت تنقید کرتے کہا ہے کہ سیاست اب نظریات اور عوامی خدمت کے بجائے محض ذاتی مفادات، عہدوں اور پیسہ بنانے کا ذریعہ بن چکی ہے، جبکہ اس پورے کھیل میں اصل نقصان عوام کا ہو رہا ہے۔

چالیس سالہ دعوے اور عملی کارکردگی پر سوال

ملتان کے شہریوں نے آزادڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ  کل تک پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر سرگرم رہنے والے سیاستدانوں کے پاس دینے کے لیے کوئی ٹھوس عہدہ یا عوامی ایجنڈا نہیں تھا ۔

 مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جمہوریت اور دین کی چالیس سالہ خدمت کے دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ ان نوجوانوں کو سوچنا چاہیے جو کسی رہنما کے پیچھے چل کر ملک میں بدامنی پھیلانے یا قوم کے اثاثہ جات قربان کرنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں ،  شہری نے سوال کیا کہ سیاسی ہو یا دینی کیریئر، مولانا فضل الرحمان نے عملی طور پر ملک کو کیا دیا، کوئی ایسی دینی اصلاح یا اسلامی قانون کا نفاذ سامنے آیا جسے مثال کے طور پر پیش کیا جا سکے۔

پی ڈی ایم، اقتدار اور مفادات کا بدلتا ترازو

گفتگو کے دوران شہریوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں بھی عوامی ریلیف کے بجائے اقتدار کی رسہ کشی نمایاں رہی، اور اس طرح کے طرزِ عمل کو انہوں نے محض وقت کے فرعون اور مفاد پرست سیاست کا تسلسل قرار دیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو، زرداری یا دیگر سیاسی جماعتوں کی سیاست بھی اسی محور کے گرد گھومتی ہے جہاں مفاد نظر آئے، تعلقات وہیں بن جاتے ہیں ،  جب اپنے معاملات بگڑنے لگتے ہیں یا سندھ اور اقتدار کے حوالے سے خدشات پیدا ہوتے ہیں تو پرانے اختلافات پسِ منظر میں چلے جاتے ہیں اور ماضی میں نظر انداز کیے جانے والے کردار بھی اہم نظر آنے لگتے ہیں۔

بدلتے بیانات اور عوام کا مقدر

شہریوں نے حالیہ بیانات اور بدلتی سیاسی صف بندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بات اپنے اوپر آتی ہے تو رویے یکسر بدل جاتے ہیں ،  جو بیانات  حکومتی احکامات کے حوالے سے سامنے آتے ہیں اور جن جماعتوں یا شخصیات کو کل تک سیاسی جماعت یا سیاسی قیدی ماننے سے انکار کیا جاتا تھا، اب سیاسی ضرورت کے تحت انہیں بھی تسلیم کیا جا رہا ہے اور نئی دوستیاں قائم ہو رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاست ایک ایسا سسٹم بن چکی ہے جس میں مفاد کے مطابق دوستیاں اور مخالفتیں جنم لیتی ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ اگر ان سیاسی قوتوں میں دوستی یا مفاہمت ہو بھی جائے تو اس سے عام آدمی کو کیا فائدہ ملے گا ،  ان کے مطابق مہنگائی اور مسائل کی چکی میں پسنے والی عوام کے حصے میں سوائے مشکلات کے کچھ نہیں آتا۔

editor

Related Articles