پاکستان میں آن لائن شاپنگ کرنے والے شہریوں کو جعلی اسٹورز، مشکوک ڈسکاؤنٹس اور دھوکا دہی پر مبنی ویب سائٹس سے خبردار کردیا گیا ہے، جہاں صارفین کو خریداری کے نام پر مالی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہریوں کے لیے حفاظتی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن اسٹورز، ویب سائٹس اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے خریداری کرتے وقت خصوصی احتیاط برتی جائے۔
ادارے نے صارفین کو آن لائن شاپنگ فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے متعدد احتیاطی تدابیر بھی بتائی ہیں۔
جعلی اسٹورز اور غیر معمولی ڈسکاؤنٹس سے محتاط رہیں
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق فراڈیے جعلی شاپنگ ویب سائٹس اور دھوکا دہی کرنے والے فروخت کنندگان کے ذریعے صارفین کو ادائیگی کرنے پر آمادہ کرسکتے ہیں۔
ایجنسی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف قابلِ اعتماد اور تصدیق شدہ آن لائن اسٹورز سے ہی خریداری کریں۔ اس کے علاوہ غیر معمولی طور پر بڑی رعایتوں اور ایسی پروموشنل پیشکشوں سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جن میں انتہائی کم قیمت پر مصنوعات فروخت کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق آرڈر دینے یا رقم ادا کرنے سے پہلے آن لائن اسٹور کی اصلیت کی تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔
آن لائن شاپنگ کے دوران فراڈ سے کیسے بچیں؟
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے صارفین کو چند اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے:
معتبر ویب سائٹس استعمال کریں: خریداری کے لیے صرف قابلِ اعتماد اور تصدیق شدہ آن لائن اسٹورز کا انتخاب کریں۔
مشکوک ڈسکاؤنٹس سے بچیں: ایسی پیشکشوں پر فوراً یقین نہ کریں جن میں انتہائی کم قیمت پر مہنگی مصنوعات دینے کا وعدہ کیا جائے۔
فروخت کنندہ کی تصدیق کریں: آرڈر دینے سے پہلے معلوم کریں کہ متعلقہ آن لائن اسٹور حقیقی ہے یا نہیں۔
محفوظ ادائیگی کا طریقہ اپنائیں: رقم کی ادائیگی کے لیے محفوظ طریقے استعمال کریں، جن میں ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ بھی شامل ہیں۔
نامعلوم لنکس پر کلک نہ کریں: ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے موصول ہونے والے غیر معروف شاپنگ لنکس سے گریز کریں، کیونکہ یہ جعلی ویب سائٹس تک پہنچا سکتے ہیں اور آپ کو سائبر فراڈ کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔
آن لائن شاپنگ فراڈ کی شکایت کہاں کریں؟
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اگر وہ آن لائن خریداری کے دوران دھوکا دہی کا شکار ہوجائیں تو واقعے کی اطلاع دیں اور مدد کے لیے ادارے کی سرکاری ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کریں۔
ایجنسی نے آن لائن شاپنگ فراڈ کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے اور پاکستانی صارفین کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ ہدایت نامہ اپنے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا ہے۔