خیبرپختونخوا پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے مضبوط انٹیلی جنس نظام کو گزشتہ کچھ عرصے سے یہ مصدقہ اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد ایک مزدہ گاڑی میں انتہائی خطرناک اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والی آئی ای ڈی (بارودی مواد) نصب کر کے کسی بڑے سانحے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ان خفیہ اطلاعات کے ملتے ہی لکی مروت پولیس نے دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے ضلع بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ تیز کر دیا، جبکہ اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر پولیس گشت اور چیک پوائنٹس کی تعداد بھی بڑھا دی گئی تاکہ تخریب کاروں کو نقل و حرکت کا کوئی موقع نہ مل سکے۔
پولیس کی اسی ہمہ وقت چوکسی اور پیشگی حکمتِ عملی کے نتیجے میں آج تھانہ براگی کی حدود میں اس مشکوک مزدہ گاڑی کی بروقت نشان دہی کر لی گئی۔ مقامی پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر انتہائی جارحانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں فوری کارروائی عمل میں لائی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور اپنے مذموم مقصد میں کامیاب ہونے سے پہلے ہی مارا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والا خودکش بمبار افغان شہری بتایا جا رہا ہے، جس کی حتمی شناخت اور اس کے سہولت کاروں کے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
مقابلے اور خودکش حملہ آور کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، مقامی پولیس اور کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر باقی ماندہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کی ماہر ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر بارود سے بھری گاڑی کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق گاڑی میں رکھے گئے ڈرمز میں انتہائی بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور بارود موجود ہے، جسے بروقت پکڑ کر شہر اور معصوم شہریوں کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے انتہائی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے ذریعے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے پر لکی مروت پولیس کے افسران و جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا کر ہمارے شیر دل جوانوں نے درجنوں قیمتی انسانی جانیں بچا لی ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے سپوت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سینہ سپر ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر فتنہ الخوارج اور ان کے پورے نیٹ ورک کو نشانِ عبرت بنا کر دم لیں گے۔
دفاعی و سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں بارود سے بھری مزدہ گاڑی کی بروقت پکڑ دھکڑ اور خودکش حملہ آور کی ہلاکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی چوکسی کے سامنے دہشت گردوں کی تمام تر حکمتِ عملی اور بڑے منصوبے ناکام ہو رہے ہیں، اور تخریب کاروں کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ اب نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔