چاند پر انسانی زندگی بسانے کی کوششوں میں سائنس دانوں نے ایک اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ محققین نے چاند کی مٹی سے مشابہ مصنوعی زمین میں آلو اگانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس سے مستقبل میں چاند پر قیام کرنے والے خلاء بازوں کے لیے اپنی خوراک خود پیدا کرنے کی امید روشن ہوگئی ہے۔
ناسا کے تعاون سے ہونے والی اس تحقیق میں سائنس دانوں نے مصنوعی قمری مٹی میں نامیاتی مادے شامل کرکے آلو اگائے۔ تجربے سے معلوم ہوا کہ اگر اس مٹی میں مناسب مقدار میں نامیاتی کھاد شامل کی جائے تو آلو کی پیداوار عام زمینی مٹی کے برابر بھی ہوسکتی ہے۔ اس تحقیق میں آلو کی موڈوک قسم استعمال کی گئی، جس کا چھلکا سرخ اور اندرونی حصہ سفید ہوتا ہے۔ یہ قسم نسبتاً کم وقت میں تیار ہوجاتی ہے۔
چاند کی مٹی میں فصل اگانا کیوں مشکل ہے؟
چاند کی سطح پر موجود مٹی کو قمری ریگولت کہا جاتا ہے، جو دراصل پتھروں کے باریک ذرات اور گردوغبار پر مشتمل ہے۔ یہ مٹی اربوں سال کے دوران شہابیوں کے ٹکرانے سے وجود میں آئی، لیکن زمین کی مٹی کے برعکس اس میں فصلوں کی نشوونما کے لیے ضروری نامیاتی مادے اور نائٹروجن موجود نہیں ہوتے۔
تحقیق کی سربراہی کرنے والے اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہر نباتات ایمرک گوئے کے مطابق نامیاتی مادے شامل کیے بغیر اس مٹی میں فصل اگانا ممکن نہیں۔
محققین نے اس مسئلے کے حل کے لیے ورمی کمپوسٹ استعمال کیا، جو کیچوؤں کے ذریعے نامیاتی فضلے کو گلانے سے تیار ہونے والی غذائیت سے بھرپور کھاد ہے۔
کتنی کھاد سے آلو کی پیداوار ممکن ہوئی؟
تجربے کے نتائج میں دلچسپ فرق سامنے آیا۔ صرف مصنوعی قمری مٹی میں اگائے گئے آلوؤں کے پودوں میں تقریباً کوئی جڑیں یا آلو پیدا نہیں ہوئے۔
جبکہ 5 فیصد ورمی کمپوسٹ اور 95 فیصد مصنوعی قمری مٹی کے آمیزے میں کچھ جڑیں اور آلو کی گانٹھیں بنیں۔ سب سے بہتر نتیجہ اس وقت سامنے آیا جب مٹی میں 30 فیصد ورمی کمپوسٹ شامل کیا گیا۔ اس آمیزے میں آلو کی پیداوار عام زمینی مٹی میں اگائے گئے آلوؤں کے برابر ہوگئی۔
یہ تجربہ ایسے گرین ہاؤس میں کیا گیا جہاں قدرتی اور مصنوعی روشنی دونوں کا انتظام تھا۔ دن کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری جبکہ رات کو 18 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا گیا۔
کیا چاند کی مٹی میں اگائے گئے آلو کھائے جاسکتے ہیں؟
اس سوال کا جواب ابھی سامنے آنا باقی ہے۔ محققین کے مطابق قمری مٹی میں تانبے سمیت بعض بھاری دھاتیں موجود ہوتی ہیں، جو پودوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔ نامیاتی مادے ان دھاتوں کو پودوں میں جذب ہونے سے روکنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
تحقیق کے سربراہ ایمرک گوئے نے بتایا کہ سائنس دانوں نے ابھی تک ان آلوؤں کو چکھا نہیں، کیونکہ حاصل ہونے والی فصل کو تجربہ گاہ میں تجزیے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
ابتدائی تجربے میں چھوٹے گملوں میں آلو اگائے گئے، جس کے باعث ان کا وزن عموماً 10 گرام سے بھی کم تھا۔ اب محققین بڑے گملوں میں دوسرا تجربہ کررہے ہیں تاکہ بازار میں دستیاب آلوؤں کے برابر حجم کی فصل حاصل کی جاسکے۔
چاند پر زراعت، زمین کے لیے بھی فائدہ مند ہوسکتی ہے
سائنس دان صرف آلو ہی نہیں بلکہ چاند کی مٹی میں چنے، ٹماٹر اور سلاد کے پتے سمیت دیگر فصلیں اگانے کے تجربات بھی کررہے ہیں۔
تحقیق کے شریک مصنف ڈیوڈ ہینڈی کے مطابق چاند پر زراعت کے لیے تیار ہونے والی ٹیکنالوجی زمین پر بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔ خاص طور پر ایسے صحرائی علاقوں اور گنجان آباد شہروں میں جہاں زرعی پیداوار محدود ہے اور خوراک دوسرے علاقوں سے پہنچائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے زمین کی مٹی کا معیار بہتر بنانے اور آلودہ زمین کو دوبارہ قابل کاشت بنانے کے طریقے بھی سامنے آسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2015 کی سائنس فکشن فلم ’’دی مارشن‘‘ میں اداکار میٹ ڈیمن کا کردار مریخ پر پھنس جانے کے بعد آلو اگا کر اپنی خوراک کا انتظام کرتا دکھایا گیا تھا۔ اب سائنس دانوں کے حقیقی تجربات نے مستقبل میں چاند پر بھی فصلیں اگانے کے امکانات کو مزید قریب کردیا ہے۔
تاہم چاند پر باقاعدہ زراعت شروع کرنے سے پہلے خوراک کی حفاظت، مٹی کی ساخت اور وہاں کے سخت ماحول سے متعلق کئی اہم مسائل حل کرنا باقی ہیں۔