کینیڈا نے غیر ملکی یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز کے لیے ایکسپریس انٹری امیگریشن قوانین میں نرمی کردی ہے، جس کے تحت اب ان کی ملازمت کے کچھ ایسے معاوضوں کو بھی مستقل رہائش کے لیے قابلِ قبول تجربہ تصور کیا جاسکے گا جو روایتی تنخواہ کے بجائے وظائف، گرانٹس اور اسکالرشپس کی صورت میں دیے جاتے ہیں۔
امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو متعارف کرائی گئی ان تبدیلیوں سے ان غیر ملکی ماہرینِ تعلیم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جو کینیڈا کی یونیورسٹیوں میں تدریس اور تحقیق کے شعبوں سے وابستہ ہیں۔
اس سے قبل وظائف، تحقیقی گرانٹس اور اسکالرشپس کی صورت میں ملنے والے معاوضے کو عموماً مستقل رہائش کے لیے قابلِ قبول ملازمت کے تجربے میں شامل نہیں کیا جاتا تھا، جس کے باعث بعض محققین اور اساتذہ کے لیے امیگریشن کی شرائط پوری کرنا مشکل ہوجاتا تھا۔
نئے قواعد کے تحت نیشنل آکیوپیشنل کلاسیفکیشن کوڈ 41200 کے تحت آنے والے اہل یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز کو جامع درجہ بندی کے نظام سی آر سی میں اضافی پوائنٹس دیے جاسکتے ہیں۔
اہل امیدواروں کو کینیڈا میں کم از کم 1 سال کا قابلِ قبول ملازمت کا تجربہ رکھنے پر 70 اضافی پوائنٹس، جبکہ شرائط پر پورا اترنے والی ملازمت کی پیشکش پر 100 اضافی پوائنٹس مل سکتے ہیں۔
یہ تبدیلیاں ایکسپریس انٹری کے دو امیگریشن پروگرامز، کینیڈین ایکسپیرینس کلاس (CEC) اور فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام (FSWP) پر لاگو ہوں گی۔
مستقل رہائش کے لیے کون اہل ہوگا؟
اس عارضی پالیسی سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدواروں کو 17 نومبر 2026 یا اس کے بعد مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کی دعوت موصول ہوئی ہو۔
اس کے علاوہ امیدوار کے پاس گزشتہ 3 برسوں کے دوران کینیڈا میں کم از کم ایک سال کا کل وقتی ملازمت کا تجربہ ہونا ضروری ہے، تاہم اس کے مساوی جز وقتی تجربہ بھی قابلِ قبول ہوسکتا ہے۔
امیدوار کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ اس کا ملازمت کا تجربہ یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز کی ذمہ داریوں سے مطابقت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ زبان کی مہارت اور امیگریشن سے متعلق دیگر شرائط پوری کرنا بھی لازمی ہوگا۔یہ بھی پڑ ھیں:کھاد کی قیمتوں میں کمی کی تیاری، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا
کن افراد کو نئی پالیسی سے فائدہ نہیں ہوگا؟
آئی آر آر سی نے پوسٹ سیکنڈری تدریسی اور تحقیقی معاونین (NOC 41201) کو کینیڈا میں کام کے تجربے رکھنے والے محققین کی ایکسپریس انٹری کیٹیگری سے خارج کردیا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد اس مخصوص پیشہ ورانہ گروپ میں صرف یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز اہل رہ گئے ہیں۔
کینیڈین حکومت کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد تعلیمی شعبے سے وابستہ ماہرین کے معاوضوں کے مختلف طریقوں کو تسلیم کرنا اور قابل افراد کو کینیڈا میں لانے اور برقرار رکھنے کے مواقع بڑھانا ہے۔
اہل امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ایکسپریس انٹری پروفائلز میں کینیڈا کے قابلِ قبول ملازمت کے تجربے کی تفصیلات اپ ڈیٹ کریں۔ حکومت کے مطابق اس عارضی پالیسی کے خاتمے کی کوئی مقررہ تاریخ نہیں، تاہم وزیرِ امیگریشن اسے کسی بھی وقت واپس لے سکتے ہیں۔