یوکرین پر روس کا خوفناک حملہ، 8 ہلاک، 9 علاقے نشانے پر،سفارتی عمارتیں متاثر

یوکرین پر روس کا خوفناک حملہ، 8 ہلاک، 9 علاقے نشانے پر،سفارتی عمارتیں متاثر

روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر فضائی حملہ کرتے ہوئے سینکڑوں ڈرون اور میزائل داغ دیے، دارالحکومت کیف سمیت 9 علاقوں میں تباہی پھیل گئی جبکہ سفارتی عمارتیں بھی حملوں کی زد میں آگئیں۔ حملوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔ یوکرین نے روسی حملوں کے بعد عالمی سطح پر معاملہ اٹھانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

9 علاقوں کو نشانہ بنایا گیا

برطانوی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین پر حملے کے دوران 400 سے زائد ڈرون اور 110 سے زیادہ میزائل استعمال کیے۔ ان میں 27 بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے دارالحکومت کیف سمیت ملک کے 9 مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔ شدید حملوں کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق حملوں کی زد میں آسٹریا اور نیدرلینڈز کے سفارت خانے بھی آئے، جس سے سفارتی تنصیبات کی سلامتی سے متعلق تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

پولینڈ کا روس پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولینڈ نے روس پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ اس پیش رفت نے خطے میں سکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

فرانس کا سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

دوسری جانب فرانسیسی وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کو ان حملوں کا جواب دینا ہوگا۔ اس مطالبے کے بعد یوکرین پر روسی حملوں کا معاملہ عالمی سفارتی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

editor

Related Articles