پنجاب حکومت نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے نیا آن لائن نظام مرحلہ وار نافذ کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب 3 مختلف طریقوں سے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
نئے نظام کے مکمل نفاذ کے بعد تمام ڈومیسائل سرٹیفکیٹ صرف آن لائن طریقہ کار کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔ حکومتی منصوبے کے تحت شہری پہلے طریقے کے طور پر نامزد ای خدمت مراکز جا کر ڈومیسائل کے لیے درخواست دے سکیں گے اور مقررہ پراسیسنگ فیس بھی وہیں جمع کرا سکیں گے۔
دوسرا طریقہ براہ راست آن لائن درخواست دینے کا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدام کے تحت خصوصی آن لائن ڈیش بورڈ متعارف کرایا گیا ہے۔
جبکہ تیسرے طریقے کے تحت شہری مریم کی دستک سروس کے ذریعے بھی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔ حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد ڈومیسائل کے اجرا کے عمل کو ڈیجیٹل بنانا اور شہریوں کو درخواست دینے کے لیے مختلف سہولتیں فراہم کرنا ہے۔