خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی، بھتہ خوری اور سرحد پار افغانستان اسمگلنگ کے اربوں روپے کے مکروہ دھندے پر ریاستی ضرب پڑتے ہی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی چیخ و پکار نے مائننگ مافیا اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے گٹھ جوڑ کو ایک مرتبہ پھر بے نقاب کر دیا ہے۔
جب تک خیبرپختونخوا سے ماہانہ اربوں روپے مالیت کا سونا غیر قانونی طور پر نکال کر افغانستان اسمگل کیا جا رہا تھا اور مافیا کی جیبیں بھر رہی تھیں اس وقت تک فضل الرحمان نے ایک لفظ بھی نہیں بولا، لیکن جیسے ہی ریاستی اقدامات اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے فیصلوں کے تحت غیر قانونی لیزیں منسوخ ہوئیں اور مافیا کا دھندا بند ہوا، تو فضل الرحمان کو اچانک “معدنی وسائل کی چوری” اور صوبائی حقوق کا درد یاد آ گیا۔
پشاور میں بیٹھ کر فضل الرحمان کی جانب سے خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کی چوری کا جھوٹا پروپیگنڈا کرنا دراصل غیر قانونی مائننگ مافیا کو تحفظ فراہم کرنے اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔
دستاویزی و سرکاری انکشافات پہلے ہی یہ ثابت کر چکے ہیں کہ گزشتہ 13 سالوں کے دوران خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو کس بے دردی سے لوٹا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کھلے عام یہ اعداد و شمار سامنے رکھے تھے کہ صوبے سے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا، جس کی مالیت 4 ارب 20 کروڑ روپے بنتی ہے، غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا اور اس سونے کا 80 فیصد حصہ افغانستان اسمگل کر کے قومی خزانے کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا جا رہا تھا۔ مزید حیران کن امر یہ تھا کہ ماہانہ 4.2 ارب روپے کے سونے کی دس سالہ لیز کوڑیوں کے مول محض 4 ارب 92 کروڑ روپے میں دے کر صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا۔
مائننگ مافیا کے سہولت کاروں کے نام سامنے آنے پر فضل الرحمان کیوں تڑپ اٹھے
فضل الرحمان کی اس اچانک بے چینی اور “معدنیات کی چوری” کے واویلے کے پیچھے اصل راز وہ فہرست ہے جس میں غیر قانونی مائننگ مافیا کی پشت پناہی کرنے والے بااثر سیاسی کرداروں کے نام بے نقاب کیے گئے تھے۔ سرکاری و سیاسی حلقوں میں یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ غیر قانونی کان کنی کے اس نیٹ ورک کی سرپرستی کرنے والوں میں جے یو آئی (ف) کے مقامی بااثر افراد کے نام بھی سامنے آئے تھے جبکہ کوہاٹ سمیت دیگر اضلاع میں غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ دہشت گرد عناصر کو بطور بھتہ بھی ملتا رہا۔
جب گورنر خیبرپختونخوا نے ان تمام متنازع اور غیر قانونی لیزوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا، 94 کلومیٹر علاقے سے مافیا کا صفایا کیا اور شفاف عالمی و ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچانے کی پالیسی متعارف کرائی، تو مائننگ مافیا کے سرپرستوں کی نیندیں اڑ گئیں۔
صوبائی حقوق کا لبادہ یا مافیا کی وکالت؟
عوامی اور فکری حلقوں کا دوٹوک مؤقف ہے کہ فضل الرحمان کا یہ دوہرا معیار اب مکمل طور پر عیاں ہو چکا ہے۔ ایک طرف جب ریاستی ادارے غیر قانونی کان کنی روک کر صوبے کے وسائل کو قومی خزانے اور مقامی عوام کے لیے محفوظ بناتے ہیں تو فضل الرحمان اسے “وسائل کی چوری” قرار دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور دوسری طرف جب مائننگ مافیا اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ صوبے کا 80 فیصد سونا افغانستان اسمگل کر رہا تھا تو فضل الرحمان مجرمانہ خاموشی اختیار کیے بیٹھے تھے۔
سیکیورٹی واپسی بھائی ضیاء الرحمان کو کراچی ایئرپورٹ پر روکے جانے اور فرنٹ مین کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد فضل الرحمان شدید سیاسی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اور اسی گھبراہٹ میں اب وہ مائننگ مافیا کے بند ہونے والے کاروبار کو صوبائی حقوق کا رنگ دے کر اپنا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے باشعور عوام جان چکے ہیں کہ اصل چوری وہ تھی جو گزشتہ 13 سالوں سے مائننگ مافیا اور اس کے سیاسی سرپرست مل کر کر رہے تھے، جس کا راستہ اب ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔