جمعہ کے اجتماع میں سیاسی نعرے بازی ، فضل الرحمان کے خطاب کی پس پردہ کہانی کیا ہے؟

جمعہ کے اجتماع میں سیاسی نعرے بازی ، فضل الرحمان کے خطاب کی پس پردہ کہانی کیا ہے؟

 پشاور کے مفتی محمود مرکز میں نمازِ جمعہ کے اجتماع کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خطاب اور “ڈرو گے تو نہیں ناں؟ تھکو گے تو نہیں ناں؟” جیسے نعروں نے ایک نئی  بحث چھیڑ دی ہے کہ آخر مولانا کو سیاسی نعرے لگوانے کی ضرورت کیونکر ہونے لگی ۔

 ناقدین اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مذہبی اجتماع اور نمازِ جمعہ کی فضا کو سیاسی نعروں اور جذباتی سوالات کے لیے استعمال کر کے احتسابی دباؤ سے بچنے اور کارکنوں و طلبا کو سیاسی ڈھال بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ جے یو آئی (ف) کے حامی اس طرزِ عمل کو حکومتی دباؤ کے سامنے مزاحمت اور سیاسی جدوجہد قرار دیتے ہیں۔

منبر بنا  ’سیاسی ڈھال‘ 

مفتی محمود مرکز میں نمازِ جمعہ کے موقع پر جمع ہونے والے نمازیوں اور مدرسے کے طلبہ کے سامنے مولانا فضل الرحمان کے خطاب نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا دباؤ کے وقت مذہبی اجتماع کو سیاسی طاقت اور دفاعی حصار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے؟ ناقدین کا ماننا ہے کہ سیاسی مقاصد اور مبینہ بے ضابطگیوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے عبادت کے اجتماع کو سیاسی رنگ دیا گیا اور شرکاء سے جذباتی نعرے لگوائے گئے۔

سوشل میڈیا پر شہریوں اور صارفین کی جانب سے اس طرزِ عمل پر شدید تنقید سامنے آئی ہے، جہاں صارفین نے لکھا کہ نمازی عبادت کے لیے آتے ہیں نہ کہ سیاسی تقاریر اور نعروں کے لیے، اور منبر و مسجد کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے سیاسی گفتگو سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : دہائیوں اقتدار کے مزے ، اب احتساب سے گریز کیوں؟ فضل الرحمان کی طرز سیاست پر سوالات اٹھ گئے

مبصرین کے نزدیک جو قیادت مذہبی احترام اور اقدار کی بات کرتی ہے، اس کا دباؤ کے وقت نمازِ جمعہ کے اجتماع میں سیاسی نعرہ بازی کرانا ناقدین کی نظر میں ایک سنگین تضاد ہے۔

احتساب سے فرار 

جمعے کے  خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ اڑھائی برس سے انہیں حکومت میں شامل کرنے کے لیے منت سماجت کی جاتی رہی، تاہم انکار کے بعد فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی گئیں ، ناقدین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی دباؤ اور “فائلوں” کی دھمکیوں کا شور اس وقت زیادہ بلند ہوتا ہے جب زیرِ بحث تحقیقات کے سوالات سامنے آتے ہیں۔

ناقدین براہِ راست سوال اٹھاتے ہیں کہ جن فائلوں کا ذکر کیا جا رہا ہے، کیا وہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ بے نامی جائیدادوں اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود کے بطور وفاقی وزیر اپنے دور میں کی گئی مبینہ کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ہیں؟ ۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ  اگر معاملہ انہی تحقیقات کا ہے تو اداروں پر سیاسی بیانات کے ذریعے نشانہ بنانے کے بجائے ان بے نامی جائیدادوں اور کرپشن سے متعلق سوالات کے شواہد عوام کے سامنے رکھے جائیں، اور اسعد محمود بیان بازی کے بجائے نیب اور دیگر تحقیقاتی اداروں میں جاری انکوائریوں کا حصہ بن کر اپنا مؤقف واضح کریں۔

مزید پڑھیں:غریب کارکنوں کو آگ میں جھونک کر خود محفوظ پناہ گاہ میں چھپ بیٹھے، فضل الرحمان کی موقع پرست قیادت بے نقاب

مفتی محمود مرکز میں ہونے والا یہ خطاب اور اس پر اٹھنے والا ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ عوامی اور سوشل میڈیا حلقوں میں اب مذہبی اجتماعات کے تقدس اور سیاسی جوابدہی کے حوالے سے حساسیت بڑھتی جا رہی ہے ۔

نمازِ جمعہ کے اجتماع میں جذباتی نعرے اور “فائلیں کھولنے” کی دھمکیوں کا شور شاید وقتی طور پر کارکنوں کو گرما دے، مگر ناقدین کے نزدیک یہ طرزِ عمل نہ تو عبادت گاہ کے تقدس سے ہم آہنگ ہے اور نہ ہی بڑھتے ہوئے احتسابی سوالات کا کوئی ٹھوس جواب ، جب تک مبینہ بے نامی جائیدادوں، اسعد محمود سے جڑی تحقیقات اور زیرِ بحث فائلوں کا سامنا جذباتی نعروں کے بجائے قانونی فورمز اور دستاویزی شواہد کے ذریعے نہیں کیا جاتا، تب تک مذہبی فضا کو سیاسی ڈھال بنانے کی کوششوں پر عوامی و مبصرین کے سوالات اسی شدت سے گونجتے رہیں گے، خواہ جے یو آئی قیادت اسے سیاسی انتقام کا نام ہی کیوں نہ دے۔

ناقدین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف عبادت گاہوں اور نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو سیاسی نعرہ بازی اور مفادات سے الگ رکھا جائے، اور دوسری طرف فضل الرحمن  بے نامی جائیدادوں اور سابقہ ادوار کی مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق انکوائریوں کا سامنا جذباتی نعروں کے بجائے قانونی فورمز اور شواہد کے ذریعے دیں ۔

editor

Related Articles