پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آئینی عدالت قائم کرکے میثاق جمہوریت کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان پر زور دیا کہ وہ آصف زرداری کے ہاتھ پر سیاسی بیعت کریں۔ انہوں نے کہا کہ “انشاء اللہ نومبر میں آئینی عدالت اپنا کام شروع کردے گی۔”
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرٹیکل 63 اے کیس کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نظرثانی کی اپیلیں متفقہ طور پر منظور کرلی ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے اس معاملے کی سماعت کی اور مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ “اپیل منظور کی جاتی ہے، تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔”
دوسری جانب ن لیگی رہنما سینیٹر عفان اللہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ “جب پاکستان میں ایس سی او کی کانفرنس ہورہی ہے، تو احتجاج کی کال دینا شرمناک ہے۔ سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان پاکستان کے خلاف کھلی سازش کیوں کر رہے ہیں؟ کوئی محب وطن انسان ایسا نہیں کرتا جو ملک کو شرمندگی اور مشکلات میں مبتلا کرے۔”

