خیبرپختونخوا میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مقامی بریگیڈ کمانڈر اور سی سی پی او پشاور نے پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کا اعادہ کیا گیا۔
دورے کے دوران سینئر عسکری اور پولیس افسران نے مشترکہ چیک پوسٹوں پر تعینات پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔
افسران نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
سی سی پی او پشاور نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس باہمی تعاون، مؤثر رابطوں اور قومی یکجہتی کے جذبے کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اداروں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے اور اسی تعاون کی بدولت دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں۔
حکام نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔