چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ن لیگ کے دوستوں کے لیے پیغام ہے کہ ان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات صاف اور شفاف نہیں بلکہ دھاندلی زدہ تھے، تاہم ان حالات کے باوجود عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 9 نشستوں پر کامیاب کرایا،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی نتائج سے مایوس نہیں ہوگی بلکہ عوام کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
چوری شدہ نشستیں واپس لینے کا اعلان
چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا کہ میرپوراور مظفرآباد میں ان کی جماعت کی نشستیں چوری کی گئیں، جنہیں وہ واپس لے کر رہیں گے۔انہوں نے کہا،پیپلز پارٹی ہمت نہیں ہارتی، ہم پیچھے نہیں ہٹتے اور نہ ہی میدان چھوڑتے ہیں۔
شرجیل میمن کے الزامات
اس سے قبل سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی آزاد کشمیر انتخابات پر اعتراضات اٹھا چکے ہیں،اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات کی طرح آزاد کشمیر میں بھی دھاندلی دہرائی گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب اور وفاق میں فارم 47 حکومت نے آزاد کشمیر میں بھی “فارم 47 پلس” کارروائی کی اور پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے لیے وفاقی اور پنجاب حکومت نے گٹھ جوڑ کیا۔