وزیراعظم کا وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

وزیراعظم کا وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں سے فروری 2024 سے اب تک کی کارکردگی پر مبنی تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی وزارتوں کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں انہیں مخصوص فارم پر اپنی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق وزارتوں کو فروری 2024 سے اب تک کیے گئے اہم اقدامات، حاصل کردہ اہداف اور مجموعی کارکردگی کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

حکام کے مطابق وزارتوں کو عوامی خدمات میں بہتری، گورننس اصلاحات اور پالیسی اقدامات سے متعلق پیش رفت بھی رپورٹ کا حصہ بنانا ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جائزے کے پہلے مرحلے میں معیشت اور مالیات سے متعلق 18 وزارتوں، قانون، سکیورٹی اور انتظامی امور سے وابستہ 14 وزارتوں، جبکہ سماجی خدمات، صحت اور تعلیم سمیت 9 وزارتوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

مراسلے میں وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے منصوبوں، حاصل کردہ نتائج اور ان کی تکمیل کی تاریخ واضح طور پر درج کریں۔ اس کے علاوہ تمام زیر التوا منصوبوں، تاخیر کی وجوہات اور درپیش رکاوٹوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم آفس نے ہدایت کی ہے کہ ہر دعوے کے ساتھ لازمی دستاویزی ثبوت یا دیگر قابل تصدیق شواہد منسلک کیے جائیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بغیر ثبوت دعووں یا نامکمل رپورٹس کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

حکام کے مطابق کارکردگی جائزے کے دوران ترقیاتی فنڈز کے استعمال، منصوبوں کے نتائج، سی پیک اتھارٹی اور پلاننگ کمیشن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام، معاشی پالیسیوں کے نتائج، قومی مردم شماری، اعداد و شمار کے نظام میں بہتری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں اور وزیراعظم کے خصوصی اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

Related Articles