25 کروڑ آبادی کے لیے نئے انتظامی یونٹس ناگزیرہیں، صوبہ ہزارہ ضرور بننا چاہیے،سردار محمد یوسف

25 کروڑ آبادی کے لیے نئے انتظامی یونٹس ناگزیرہیں، صوبہ ہزارہ ضرور بننا چاہیے،سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، جبکہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کی تحریک کا آغاز 2010 میں ہوا تھا اور اس تحریک کے دوران سات نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اس معاملے پر مشترکہ مؤقف رہا ہے کہ صوبہ ہزارہ قائم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی تین مرتبہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے حق میں آئینی قرارداد منظور کر چکی ہے، جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اس حوالے سے بل پیش کیے جا چکے ہیں، جو متعلقہ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھجوائے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ان بلوں کی قانونی حیثیت سے متعلق قومی اسمبلی کے اسپیکر سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ نظام تباہ ہوچکا، نئے انتظامی یونٹس یا صوبے ہی مسائل کا حل ہیں،محسن نقوی

سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کے پیش نظر انتظامی لحاظ سے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کے بقول نئے صوبے بننے سے انتظامی امور، ریونیو کی وصولی اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد مزید مؤثر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس عوامی مسائل کے بہتر حل اور ملک کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے سیاسی قیادت سے رابطے اور پرامن جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔

editor

Related Articles