پاک فضائیہ (پی اے ایف) کا ایک دستہ، جو جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیاروں پر مشتمل ہے، دو طرفہ فضائی مشق ’انڈس شیلڈ الفا‘ میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچ گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی طیاروں نے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر کسی توقف کے کامیاب پرواز مکمل کی، جس سے فضائیہ کی عملی تیاری اور طویل فاصلے تک پرواز کی صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے۔
پرواز کے دوران فضا میں کامیاب ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں پی اے ایف کے آئی ایل 78 ایریل ری فیولنگ ٹینکر نے نہایت مہارت سے یہ عمل انجام دیا، جو پیشہ ورانہ قابلیت اور ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مشق ’انڈس شیلڈ الفا‘ کا مقصد دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، حکمت عملی میں ہم آہنگی اور مشترکہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ اس مشق میں جدید فضائی جنگی حربے، مشترکہ منصوبہ بندی اور عملی کارروائیاں موجودہ ٹیکنالوجی اور بدلتے فضائی تقاضوں کے تناظر میں جانچی جائیں گی۔
مشق ‘انڈس شیلڈ الفا’ کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان باہمی تفہیم، حکمت عملی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق جدید فضائی جنگی حکمت عملی، مشترکہ مشن کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد پر مرکوز ہوگی، جو تیز رفتار تکنیکی ترقی اور بدلتے ہوئے فضائی قوت کے تناظر میں کی جائے گی۔ یہ ایک اہم پلیٹ فارم بھی فراہم کرتی ہے جہاں عملی تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا اور ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز کے لیے مشترکہ جوابی حکمت عملی مضبوط کی جائے گی۔
پاکستانی فضائیہ کی اس مشق میں شرکت خطے میں استحکام اور عالمی عسکری تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ پاکستانی فضائیہ کے اس عزم کا بھی مظہر ہے کہ وہ جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بناتی رہے گی اور فضائی آپریشنز کے ہر میدان میں اپنی روایتی برتری برقرار رکھے گی۔