جہلم ویلی ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ،20 افراد گرفتار

جہلم ویلی ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ،20 افراد گرفتار

آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان ہونے والا تصادم شدت اختیار کر گیا۔ جھگڑے کے بعد ہٹیاں بالا میں پولیس تھانے کے باہر بھی ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے نتیجے میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچا، دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدا نومنتخب رکن قانون ساز اسمبلی دیوان علی خان چغتائی کے آبائی گاؤں گوہر آباد سے ہوئی۔ یہاں دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور تلخ کلامی نے دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد جھگڑے کی صورت اختیار کر لی۔ مقامی افراد نے حالات کو قابو میں لانے کی کوشش کی تاہم کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن کے 11 حلقوں کے نتائج مکمل ، ن لیگ 7 اور پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیت گئی

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تصادم کے بعد دونوں گروپ سٹی تھانہ ہٹیاں بالا پہنچ گئے جہاں ایک مرتبہ پھر جھگڑا شروع ہو گیا۔

ہنگامہ آرائی کے دوران مشتعل افراد نے تھانے کے شیشے توڑ دیے جبکہ وہاں موجود متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ صورتحال بگڑنے پر پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

واقعے کے بعد ضلع بھر سے پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی تاکہ حالات کو فوری طور پر قابو میں لایا جا سکے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں بھی قائم کیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ممبر ضلع کونسل فیصل مغل، ممبر ضلع کونسل اسد چغتائی، ٹھیکیدار آزاد مغل سمیت 20 افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس کے علاوہ واقعے میں استعمال ہونے والی تین گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم آپ کا ہے، پھر دھاندلی کیسے ہوگئی؟ امیر مقام

پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام شواہد اور ویڈیو ریکارڈنگ کی مدد سے دیگر ملوث افراد کی شناخت بھی کر رہے ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ادھر ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اور ایس پی جہلم ویلی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور امن و امان کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات، دوسرا مرحلہ ،غیر حتمی نتائج، ن لیگ کو برتری، پیپلز پارٹی نے بھی اہم نشستیں جیت لیں

ضلعی انتظامیہ نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس کو واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور علاقے میں امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

editor

Related Articles