معروف امریکی گلوکارہ ملی سائرس نے خاموشی سے دوسری شادی کرلی

معروف امریکی گلوکارہ ملی سائرس نے خاموشی سے دوسری شادی کرلی

کیلیفورنیا کی سادگی اور شوبز کی چکاچوند سے دور ایک نجی تقریب میں گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ ملی سائرس نے اپنے دیرینہ ساتھی، راک بینڈ “لیلی” کے ڈرمر میکس مورانڈو کے ساتھ زندگی کا نیا باب شروع کر دیا۔

شادی کی خبر کسی روایتی پریس ریلیز کے بجائے ملی سائرس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے سامنے آئی، جہاں انہوں نے بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کے ساتھ محض “M + M” اور تاریخ “21.11.26” درج کر کے اپنے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔

سادگی، انداز اور نجی لمحات

تقریب میں ملی سائرس سفید رنگ کے بیک لیس سلک گاؤن میں بے حد نفیس اور پرکشش نظر آئیں، جبکہ ان کے 28 سالہ جیون ساتھی میکس مورانڈو کلاسک انداز میں سیاہ سوٹ اور سفید شرٹ کے ساتھ جلوہ گر ہوئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ان سیاہ و سفید تصویروں میں دونوں کے درمیان اعتماد اور ہم آہنگی نمایاں تھی، جس نے مداحوں کو ایک غیر رسمی مگر دلکش تقریب کی جھلک دکھائی۔

بلائنڈ ڈیٹ سے پانچ سالہ رفاقت 

ملی سائرس اور میکس مورانڈو کا یہ سفر تقریباً پانچ برسوں پر محیط ہے ،  گلوکارہ نے 2023 میں برطانوی جریدے “ووگ” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی پہلی ملاقات کا دلچسپ قصہ سناتے ہوئے بتایا تھا کہ 2021 میں دونوں کی ملاقات ایک بلائنڈ ڈیٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔ ملی سائرس کے بقول وہ ملاقات ان کے لیے تو بلائنڈ ڈیٹ تھی، مگر میکس کے لیے نہیں، اور اس وقت ان کے ذہن میں یہ خیال بھی تھا کہ زیادہ سے زیادہ یہی ہوگا کہ وہ ملاقات ادھوری چھوڑ کر واپس لوٹ آئیں گی  تاہم وقت کے ساتھ یہ ابتدائی ہچکچاہٹ گہری قربت اور طویل رفاقت میں بدل گئی۔

موسیقی اور ماضی کے اوراق

شادی سے لگ بھگ ایک ماہ قبل ملی سائرس اور میکس مورانڈو نے ہالی ووڈ بول میں ایک ساتھ “لیٹس گیٹ میریڈ” گانا پیش کیا تھا، جو ملی سائرس کے تازہ اسٹوڈیو البم “باس پرسویڈز” کا بھی حصہ ہے ،  میکس مورانڈو لاس اینجلس کے راک بینڈ “لیلی” کے ڈرمر ہیں، جس کا معاہدہ اٹلانٹک ریکارڈز سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عاصم اظہر کی خفیہ منگنی کی افواہیں ، سوشل میڈیا پر اچانک ہلچل مچ گئی

دوسری جانب، ملی سائرس کے ماضی کے ذکر کے بغیر ان کی اس نئی شروعات کی کہانی ادھوری رہتی ہے،  وہ اس سے قبل آسٹریلوی اداکار لیام ہیمس ورتھ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکی تھیں، تاہم وہ رشتہ زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور لیام ہیمس ورتھ نے 2019 میں لاس اینجلس میں طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی تھی۔

یوں ایک غیر یقینی آغاز سے شروع ہونے والی یہ کہانی پانچ برس کے ساتھ، مشترکہ موسیقی اور نجی تقریب کی بلیک اینڈ وائٹ تصویروں کے ساتھ ایک نئے موڑ پر پہنچ کر مکمل ہوگئی۔

editor

Related Articles