نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بچوں کو انٹرنیٹ کی دنیا میں محفوظ رہنے کے طریقے سکھانے کے لیے ایک نیا آن لائن پلیٹ فارم ’کڈز کارنر‘ متعارف کرا دیا ہے۔
اس پلیٹ فارم کا مقصد بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں موجود خطرات سے آگاہ کرنا اور انہیں اپنی ذاتی معلومات محفوظ رکھنے کے طریقے سکھانا ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق اس پلیٹ فارم پر دلچسپ سرگرمیوں، معلوماتی چیلنجز اور آسان حفاظتی ہدایات کے ذریعے بچوں کی رہنمائی کی جائے گی، تاکہ وہ آن لائن خطرات کو پہچان سکیں اور انٹرنیٹ کا ذمہ داری سے استعمال کریں۔
’کڈز کارنر‘ کو ایجنسی کی ویب سائٹ پر تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سیفٹی مشنز، آن لائن تحفظ کی تعلیم اور دلچسپ چیلنجز شامل ہیں۔ پلیٹ فارم پر بچوں کو چار بنیادی حفاظتی اصول سکھائے جائیں گے:
اپنے پاس ورڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
کسی بھی لنک پر کلک کرنے سے پہلے سوچیں۔
انٹرنیٹ پر اجنبی افراد سے محتاط رہیں۔
کسی مشکوک صورتحال میں قابل اعتماد بڑے سے بات کریں۔
اس کے علاوہ والدین کے لیے رہنمائی اور اساتذہ کے لیے تعلیمی مواد بھی فراہم کیا گیا ہے، تاکہ گھر اور اسکول دونوں جگہ بچوں کو آن لائن تحفظ کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ اقدام بچوں کے تحفظ کے لیے جاری وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔ ادارہ ملک بھر کے اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں سائبر آگاہی سیشنز بھی منعقد کر رہا ہے۔
بچے اور والدین اس پلیٹ فارم تک این سی سی آئی اے کی ویب سائٹ کے ذریعے رسائی حاصل کر سکتے ہیں: