وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے سنہ 2029 تک 60 ارب ڈالرز کی برآمدات کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
دبئی میں جاری گلف فوڈ 2026 کے موقع پر پاکستان پویلین کے دورے کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میڈ اِن پاکستان کو عالمی معیار کا برانڈ بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور اگلے دس سال میں پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچانا ہے۔
وفاقی وزیر نے نمائش میں شریک پاکستانی اسٹالز کا معائنہ کیا اور نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے معیار اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر زور دیا۔ نمائش میں اس سال 140 سے زائد پاکستانی کمپنیاں شریک ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی کی ورکنگ میں برآمدات بڑھانے کیلئے سنگین چیلنجز کی نشاندہی کی گئی ہے، دستاویز میں ملک کی برآمدی کارکردگی کو متاثر کرنے والے اہم معاشی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے مطابق پاکستان کی برآمدی مسابقت مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔
وزارت پلاننگ رپورٹ میں مہنگی توانائی، پیچیدہ ٹیکس نظام ،پالیسی عدم تسلسل اور ریگولیٹری بوجھ برآمدات کیلئے بنیادی رکاوٹیں قرار دیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ توانائی کی بلند اور غیر مستحکم قیمتیں صنعتوں کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہیں، بجلی اور گیس کے نرخ خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ ہیں اور بار بار تبدیلی کے باعث پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے،جس سے مینوفیکچرنگ، زرعی پراسیسنگ، معدنیات، ماہی گیری اور خدمات کے شعبے متاثر ہو رہے ہیں اور برآمدی آرڈرز دوسرے ممالک کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔