پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئندہ رواں ماہ کھیلی جانے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے ممکنہ اسکواڈ اور قیادت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایشین گیمز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو ہی سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان برقرار رکھے جانے کا قومی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں چند اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ایشین گیمز کا حصہ رہنے والے کھلاڑیوں میں سے احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور وسیم جونیئر کو ممکنہ طور پر اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی کا امکان ہے، جن میں بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان شامل ہیں جنہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی یہ اہم سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
سیریز کی تیاریوں کے سلسلہ میں قومی اسکواڈ کے منتخب اراکین کو جلد اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کیے جانے کا امکان ہے تاکہ تربیتی کیمپ اور سیریز کے لیے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز کیا جا سکے۔