حافظ نعیم الر حمٰن کا کہنا ہے کہ دبئی لیکس میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کا پورے کا پورا ٹبر شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دبئی لیکس میں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کا پورے کا پورا ٹبر شامل ہے ۔ انہوں نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے 2 سالوں میں ساڑھے 3 ہزار ارب روپے کی بیرون ملک سرمایہ کاری کی ۔ان کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھاکہ دبئی لیکس نے پانامہ اور پنڈورا کے زخموں کی یاد تازہ کر دی ہے ، قوم کا خون نچوڑ کرسرمایہ بیرون ملک بھیجو اور حکمرانی پاکستان میں کرو، یہ کیسا نظام ہے ؟ ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الر حمٰن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 47 اور دبئی لیکس پر فوری طور پر سوموٹو ایکشن لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا کسان پیکج کرپشن کا نیا دھندہ ثابت ہو گا ، ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کسانوں کو حق دلا نے کے لئے آخری حد تک جائے گی اور کسانوں کے ساتھ ناانصافی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔
کسانوں کو ان کا حق دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 19مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ ہو گا۔ دوسری جانب خبررساں ادارے کے مطابق دبئی لیکس پر نیب نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) سے تفصیلات لینے کا فیصلہ کر لیا ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب نے ان تمام ملزمان کے خلاف متحدہ عرب امارات کی حکومت سے تفصیلات لینے کا فیصلہ کیا ہے جن کے نام دبئی لیکس میں آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب صرف ان ملزمان کی تفصیلات کے لئے لکھے گا جن کے خلاف نیب میں پہلے ہی تحقیقات ہورہی ہیں۔ نیب نے فرحت شہزادی اور ان کے شوہر کی دبئی میں جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، نیب لاہور فرحت شہزادی کے خلاف تحقیقات کررہا ہے۔اس معاملے پرنیب ہیڈکوارٹرز دفتر خارجہ کے تعاون سےمتحدہ عرب امارات کی حکومت کو خط بھی لکھے گا۔

