صوبے میں سرکاری اسکولوں کیلئے نیا ٹائم ٹیبل جاری

صوبے میں سرکاری اسکولوں کیلئے نیا ٹائم ٹیبل جاری

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں کے لیے نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کو یقینی بنانا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پرائمری اسکولوں میں طلبہ کی حاضری صبح ساڑھے سات بجے ہوگی جبکہ چھٹی دوپہر ایک بج کر پینتیس منٹ پر دی جائے گی۔

نئے نظام الاوقات کے تحت صبح کی اسمبلی کو خاص اہمیت دی گئی ہے، جہاں طلبہ کی اخلاقی تربیت، مختلف موضوعات پر تقاریر اور عملی سرگرمیوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد طلبہ میں اعتماد، اظہارِ خیال کی صلاحیت اور مثبت کردار سازی کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سکولوں کی چھٹیوں میں اضافے کے متعلق وزیر تعلیم کا اہم بیان

یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں میں ہفتے کے دوران تین دن طلبہ سے تقاریر کروائی جائیں جبکہ باقی تین دن خاکوں اور عملی مظاہروں کے ذریعے اخلاقی تعلیم دی جائے۔اس کے ساتھ ساتھ ہر ہفتے کے آخری تدریسی دن “بزمِ ادب” کے انعقاد کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جس میں طلبہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں گے۔

مزید برآں، بزمِ ادب کے بعد آخری تین پیریڈز میں اساتذہ کی میٹنگ منعقد کی جائے گی اور تمام ضروری ریکارڈ مکمل کیا جائے گا،اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی اسکول میں اساتذہ کی کمی ہو یا کوئی استاد طویل رخصت پر ہو تو اسکول کے سربراہان اور مضمون کے ماہر اساتذہ خود کلاسز لیں گے تاکہ تدریسی عمل متاثر نہ ہو۔

محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔

editor

Related Articles