کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کراچی (وسطی) نے 12 سالہ وارنٹی کے باوجود ریفریجریٹر کی مرمت سے انکار کرنے پر شہری کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے نجی کمپنی کے سی ای او کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار علی رضا نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے 3 دسمبر 2021 کو ایک مقامی دکان سے ریفریجریٹر خریدا تھا، جس کے ساتھ 12 سال کی وارنٹی فراہم کی گئی تھی۔ تاہم 8 جنوری 2024 کو ریفریجریٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس پر انہوں نے کمپنی میں شکایت درج کرائی۔
کمپنی کے نمائندے نے وارنٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وارنٹی صرف ایک سال کی تھی، لہٰذا مرمت کے لیے 9 ہزار 900 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد 2 فروری 2026 کو شہری کے حق میں فیصلہ سنایا اور نجی کمپنی کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر نیا ریفریجریٹر فراہم کرے۔ ساتھ ہی کمپنی پر مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
بعد ازاں درخواست گزار نے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی تاحال عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں کر رہی۔
جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نجی کمپنی کے سی ای او عمر احسن کے 10 ہزار روپے مالیت کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے سی ای او کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی تعمیل کیوں نہیں کی گئی۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو ہدایت دی ہے کہ وہ 7 مئی تک ان وارنٹ کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔