5 مرلہ سے 40 مرلہ تک گھروں پر صفائی فیس لگ گئی، اب ماہانہ کتنے روپے دینا ہوں گے؟

5 مرلہ سے 40 مرلہ تک گھروں پر صفائی فیس لگ گئی، اب ماہانہ کتنے روپے دینا ہوں گے؟

پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کردیا گیا ہے جس کے تحت آئندہ مالی سال 2026-27 میں گھروں اور کمرشل یونٹس سے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی صفائی فیس کی وصولی کی ذمہ داری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو سونپ دی گئی ہے جو پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کرے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔ معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے دستخط کیے۔ تقریب میں ستھرا پنجاب کے ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نہ صرف صفائی فیس وصول کرے گا بلکہ گھر گھر سروے، صفائی فیس کے بلوں کی تیاری اور پرنٹنگ جبکہ بلوں سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی ادا کرے گا۔

حکام کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صفائی فیس وصول کرنے کا فیصلہ اگست میں ہونے والے 36ویں صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کا بنیادی مقصد پنجاب کے تمام شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے ایک یکساں، منظم اور قابل عمل نظام قائم کرنا ہے۔

نئے نظام کے تحت رہائشی گھروں سے صفائی فیس ان کے رقبے کے حساب سے وصول کی جائے گی۔ 5 مرلہ تک کے گھر کے لیے ماہانہ صفائی فیس 300 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 5 سے 10 مرلہ تک کے گھر سے 500 روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے گھی اور کوکنگ آئل کی تین قیمتیں مقرر کر دیں،تفصیلات جاری

اسی طرح 10 سے 20 مرلہ تک کے گھروں کے لیے ماہانہ صفائی فیس ایک ہزار روپے، 20 سے 40 مرلہ تک کے لیے 2 ہزار روپے جبکہ 40 مرلہ سے زائد رقبے کے گھروں کے لیے ماہانہ فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

نئے نظام میں کمرشل یونٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے چھوٹے کمرشل یونٹس سے ماہانہ 500 روپے درمیانے درجے کے کمرشل یونٹس سے ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3 ہزار روپے صفائی فیس وصول کی جائے گی۔

حکام کے مطابق صفائی فیس کی وصولی پراپرٹی ٹیکس کے موجودہ نظام کے ساتھ کی جائے گی جس سے شہریوں کو الگ سے فیس جمع کرانے کے بجائے ایک ہی نظام کے ذریعے ادائیگی کی سہولت میسر آئے گی۔

معاہدے کے تحت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ صفائی فیس کی وصولی کی خدمات کے عوض ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا اس کے علاوہ محکمہ گھر گھر سروے کے ذریعے متعلقہ پراپرٹیز کا ریکارڈ مرتب کرنے اور فیس کے تعین کے لیے ضروری معلومات اکٹھی کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بلوں کی پرنٹنگ تقسیم اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لیے بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو ذمہ دار بنایا گیا ہے جس سے فیس وصولی کے عمل کو مرکزی اور منظم انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔

نئے نظام کا دائرہ پنجاب کے شہری علاقوں تک ہوگا اور اس کے ذریعے مختلف شہروں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے الگ الگ طریقہ کار کے بجائے ایک یکساں نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس اقدام کے نتیجے میں شہریوں کے لیے صفائی کی سہولت کے عوض مقررہ ماہانہ فیس کی ادائیگی کا باقاعدہ نظام وجود میں آئے گا جبکہ صوبائی حکومت کو صفائی کے نظام کے لیے مالی وسائل کی وصولی میں بھی مدد ملے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles