سعودی عرب میں پاکستانیوں کو خبردار کر دیا گیا ، بڑا حکم جاری

سعودی عرب میں پاکستانیوں کو خبردار کر دیا گیا ، بڑا حکم جاری

سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے مملکت میں مقیم پاکستانی شہریوں کو سیاسی سرگرمیوں، مظاہروں اور سیاسی نظریات کی تشہیر سے مکمل طور پر گریز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ سعودی قوانین کے تحت کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی میں ملوث ہونا ممنوع ہے، اس لیے پاکستانی شہری سیاسی اجتماعات، مظاہروں اور سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں شرکت یا سیاسی نظریات کی تشہیر سے اجتناب کریں۔

سفارتخانے نے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے بھی پاکستانی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی غیرمصدقہ خبروں اور افواہوں کو آگے پھیلانے سے گریز کریں اور ایسی سیاسی یا فرقہ وارانہ بحث، تکرار اور اشتعال انگیز مواد شیئر نہ کریں جو مقامی قوانین سے متصادم ہو۔

پاکستانی سفارتخانے نے خطے کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بھی ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانے پر زور دیا اور شہریوں کو ہدایت کی کہ واقعات کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرنے یا اشتعال انگیزی پر مبنی مواد پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:سپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق بڑا راز کھول دیا

سفارتخانے کی ہدایات میں مقامی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید یا ایسے مواد کی تشہیر سے بھی دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آسکتا ہو۔

سفارتخانے نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو میزبان ملک کے قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کرنی چاہیے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سعودی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں گرفتاری، جرمانہ، قید یا ملک بدری جیسے اقدامات شامل ہوسکتے ہیں۔

یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی، دفاعی اور باہمی تعاون کے تعلقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔ گزشتہ روز نیویارک میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرائط ختم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔

دونوں ممالک نے حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں میں علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔ 23 ستمبر کو سعودی قومی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران مقامی قوانین کا احترام کریں، سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال کریں اور ایسی سرگرمیوں سے مکمل اجتناب کریں جو انہیں قانونی مشکلات سے دوچار کرسکتی ہیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles