لیسکو کا بجلی میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں بڑا یوٹرن

لیسکو کا بجلی میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں بڑا یوٹرن

 لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں بڑا یوٹرن لیتے ہوئے اسمارٹ میٹرز کی جگہ دوبارہ روایتی میٹر لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لیسکو نے بڑھتے ہوئے اخراجات اور مالیاتی دباؤ کے باعث سنگل فیز بجلی کے میٹروں کی تبدیلی کی پالیسی میں بڑی اور نمایاں تبدیلی کی ہے۔

لیسکو حکام کی جانب سے جاری نئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اب خراب یا جل جانے والے سنگل فیز میٹرز کی جگہ جدید اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز کے بجائے دوبارہ روایتی اسٹیٹک میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

لیسکو حکام کے مطابق روایتی اسٹیٹک میٹرز کے مقابلے میں جدید اسمارٹ میٹرز کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں، جس کے باعث کمپنی پر شدید مالی بوجھ پڑ رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آپریشنل اخراجات کو قابو میں رکھنے کے لیے اسمارٹ میٹرز اب صرف مخصوص، انتہائی اہم اور ناگزیر حالات میں ہی نصب کیے جائیں گے، جبکہ عام کیسز میں سستے اور روایتی میٹرز لگائے جائیں گے۔

نئی پالیسی ابتدائی طور پر ان میٹروں پر لاگو ہوگی جنہیں مختلف فالٹ کوڈز کی بنیاد پر ڈیفیکٹو، یعنی خراب، قرار دیا جاتا ہے۔ اس سے قبل ایسے میٹرز کو فوری طور پر اسمارٹ میٹر سے بدل دیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کی سبسڈی کو مزید مؤثر اور مستحق افراد تک محدود کرنے کے لیے نیا تصدیقی نظام متعارف

پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کے خراب یا جلے ہوئے میٹرز کی روایتی میٹر سے تبدیلی ماضی کی طرح بالکل مفت کی جائے گی اور ان سے کوئی اضافی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔

تاہم لیسکو نے واضح کیا ہے کہ نئے بجلی کنکشنز کے لیے اے ایم آئی اسمارٹ میٹر کی تنصیب اب بھی لازمی رہے گی، اور نئے صارفین کو مروجہ قوانین کے مطابق اسمارٹ میٹر کے مکمل چارجز خود ادا کرنا ہوں گے۔

خیال رہے کہ لیسکو اس وقت میٹروں کی خرابی کے شدید چیلنجز سے گزر رہی ہے۔ سسٹم میں ہزاروں خراب میٹرز موجود ہیں، جو صارفین کے لیے غلط بلنگ اور محکمے کے لیے آپریشنل مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔

Related Articles