بجلی کی سبسڈی کو مزید مؤثر اور مستحق افراد تک محدود کرنے کے لیے نیا تصدیقی نظام متعارف

بجلی کی سبسڈی کو مزید مؤثر اور مستحق افراد تک محدود کرنے کے لیے نیا تصدیقی نظام متعارف

حکومت نے بجلی کی سبسڈی کو مزید مؤثر اور مستحق افراد تک محدود کرنے کے لیے نیا تصدیقی نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو اپنی شناخت اور گھریلو معلومات کی توثیق کرنا ہوگی، اس اقدام کا مقصد سبسڈی کے نظام کو شفاف بنانا اور غیر مستحق افراد کو دی جانے والی مراعات کی روک تھام کرنا ہے۔

نئے نظام کے تحت صارفین بجلی کے بل پر موجود فوری شناختی کوڈ کو اسکین کریں گے، جس کے بعد انہیں ایک آن لائن پورٹل پر منتقل کیا جائے گا۔ وہاں صارف کو اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور بجلی کے میٹر سے متعلق معلومات درج کرنا ہوں گی بعد ازاں ایک بار استعمال ہونے والا حفاظتی رمز موصول ہوگا جس کے ذریعے تصدیقی عمل مکمل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس نظام کی مدد سے ایک ہی خاندان کے مختلف افراد کے نام پر رجسٹرڈ متعدد بجلی میٹروں کی نشاندہی کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ یہ بھی جانچا جائے گا کہ کم بجلی استعمال کرنے والا صارف واقعی حکومتی معاونت کا مستحق ہے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق اس عمل میں قومی شناختی ریکارڈ، بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور دیگر سرکاری اداروں کے دستیاب اعداد و شمار کو یکجا کر کے صارفین کی معاشی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی خبریں حقائق کے برعکس ہیں ،وزیر توانائی

اس طرح مستقبل میں سبسڈی کا تعین صرف بجلی کے استعمال کی بنیاد پر نہیں بلکہ گھرانے کی مجموعی مالی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

پاور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت تقریباً دو کروڑ پچانوے لاکھ ستر ہزار گھریلو صارفین، جو مجموعی صارفین کا چھیاسی فیصد بنتے ہیں، کسی نہ کسی شکل میں سبسڈی حاصل کر رہے ہیں۔

حکومتی سبسڈی کا حجم199 ارب روپے سے بڑھ کر423 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ گھریلو اور زرعی شعبے کو مجموعی طور پر پانچ سو ستائیس ارب روپے کی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے شناختی نظام کے ذریعے مستحق صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے سبسڈی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی تاہم اس اقدام کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے صارفین کے ذاتی معلومات کے تحفظ اور رازداری کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ جعلی فوری شناختی کوڈز اور مشکوک روابط سے محتاط رہیں شہری صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والے تصدیقی نظام کو استعمال کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ ویب سائٹ یا پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز فراہم نہ کریں تاکہ دھوکا دہی اور معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رہا جا سکے۔

editor

Related Articles