راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، جبکہ پراسیکیوشن ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔
مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور، شیخ رشید احمد، شبلی فراز، عمر ایوب، راجہ بشارت سمیت 120 سے زائد ملزمان نامزد ہیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے، جبکہ مقدمے میں 45 سے زائد گواہان پر جرح کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔
عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے رکھا ہے۔
آج ہونے والی سماعت میں کوئی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی اور عدالت نے کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے شیخ رشید احمد سمیت دیگر ملزمان کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔
کیس کی آئندہ سماعت پر مقدمے کی کارروائی دوبارہ آگے بڑھائے جانے کا امکان ہے۔