خضدار کے علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔ دہشتگرد تین چھوٹی پارٹیوں کی صورت میں علاقے میں موجود تھے۔
شدید فائرنگ کا تبادلہ
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 10 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
سرچ آپریشن تیز
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا ہے، فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔
آخری دہشتگرد تک تعاقب
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک تعاقب جاری رکھا جائے گا، جبکہ دہشتگرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔