وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے دنگا فساد، قتل و غارت، احتجاج اور ہڑتالوں کی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیا ہے۔
آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو شکست دے کر تعمیر و ترقی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔
شرپسندوں کو شکست
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑانے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کو بھی عوام نے شکست دی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
کام فوری شروع ہوگا
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس دن آزاد کشمیر میں کابینہ بنے گی، اسی دن سے کام شروع کردیا جائے گا، آزاد کشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی کو ووٹ دیا ہے اور مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے گی،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے حلف اٹھاتے ہی ریلیف کے کام شروع کردیے جائیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ امیر مقام، خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں نے آزاد کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلائی، مسلم لیگ ن کے خلاف سازشیں ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود جماعت مسلسل کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔
ترقی کا نشان
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں ترقی کے جو بھی نشان نظر آتے ہیں، وہ مسلم لیگ ن کی حکومتوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہیں،مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مشکل حالات میں بھی اپنی ترقی کا فیصلہ کیا ہے اور اب علاقے میں تعمیر و ترقی کا سفر آگے بڑھایا جائے گا۔