مریم نواز کا لندن دورہ مکمل ہونے سے پہلے اخراجات پر پروپیگنڈا شروع کردیا گیا، وزیر اطلاعات پنجاب

مریم نواز کا لندن دورہ مکمل ہونے سے پہلے اخراجات پر پروپیگنڈا شروع کردیا گیا، وزیر اطلاعات پنجاب

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لندن دورے کے اخراجات سے متعلق تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے لندن روانگی سے قبل ہی واضح ہدایت کردی تھی کہ دورے کے تمام اخراجات وہ خود برداشت کریں گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وہ بطور وزیر اطلاعات بہت ذمہ داری سے پہلے ہی واضح کرچکی تھیں کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف لندن دورے کے تمام اخراجات خود ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے وزیراعلیٰ کے لندن دورے پر تنقید اور پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جبکہ لندن سے وطن واپسی سے قبل ہی بغیر حقائق جانے اس معاملے کو موضوع بنایا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کے مطابق دورہ مکمل ہونے کے بعد اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا اور پھر ادائیگی کی جاتی۔ سرکاری نظام میں ہر چیز قانونی ضوابط اور طریقہ کار کے تحت چلتی ہے، اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا ہے اور چالان کے ذریعے ادائیگی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ایزی پیسہ یا جاز کیش نہیں کہ سفر ختم ہونے سے پہلے ہی بٹن دبا کر حساب سامنے رکھ دیا جائے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ابھی دورہ مکمل بھی نہیں ہوا تھا اور پروپیگنڈا پہلے ہی شروع کردیا گیا تھا۔

انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خود قوم کے اربوں روپے ہوا میں اڑا کر عیاشیاں کرتے رہے، وہ آج پاک دامن بننے کی سستی اداکاری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن کا اپنا دامن کرپشن کے داغوں سے بھرا پڑا ہے، انہیں دوسروں پر الزامات لگاتے ہوئے شرم کرنی چاہیے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ تنقید کرنے والے ایک مرتبہ پھر شرمندگی اور ذلت برداشت کرنے کے لیے تیار ہوجائیں، ’’تھوڑا سا انتظار اور۔‘‘

Related Articles