جب بھی آپ جینز خریدنے جاتے ہیں تو دکانوں پر سب سے زیادہ ایک ہی رنگ دکھائی دیتا ہے، نیلا۔ اگرچہ آج کل جینز مختلف رنگوں میں دستیاب ہے، لیکن نیلی جینز آج بھی سب سے زیادہ مقبول ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی وجہ صرف فیشن یا یہ نہیں کہ نیلا رنگ ہر شرٹ کے ساتھ آسانی سے میچ ہوجاتا ہے، بلکہ اس کے پیچھے ایک تاریخی اور سائنسی وجہ بھی موجود ہے۔
جینز نیلی ہی کیوں ہوتی ہے؟
جینز بنانے کے لیے استعمال ہونے والے ڈینم کپڑے کو روایتی طور پر ایک خاص قسم کی نیلی ڈائی سے رنگا جاتا ہے، جسے انڈیگو کہا جاتا ہے۔ یہ ڈائی عام کپڑوں کو رنگنے والی ڈائیز سے کچھ مختلف انداز میں کام کرتی ہے۔ بیشتر ڈائیز کپڑے کے ریشوں کے اندر جذب ہوجاتی ہیں، جبکہ انڈیگو ڈائی دھاگے کی بیرونی سطح کے گرد تہہ بناتی ہے۔
اسی خاصیت کی وجہ سے جینز کو وقت کے ساتھ دھونے، پہننے اور رگڑ لگنے سے ایک منفرد انداز ملتا ہے۔ بعض حصے ہلکے پڑ جاتے ہیں اور جینز کا وہ مخصوص پرانا اور نرم انداز سامنے آتا ہے جو آج بھی فیشن کا حصہ ہے۔
نیلی جینز کی کہانی کہاں سے شروع ہوئی؟
نیلی جینز کی مقبولیت کا تعلق 19ویں صدی سے ہے۔ 1873 میں لیوی اسٹراس اور جیکب ڈیوس نے مضبوط ڈینم ٹراؤزرز کے ڈیزائن کو پیٹنٹ کرایا۔ اس زمانے میں جینز بنیادی طور پر مزدوروں کے لیے بنائی جاتی تھی، کیونکہ ڈینم مضبوط اور سخت کام کے لیے موزوں کپڑا سمجھا جاتا تھا۔
گہرے نیلے رنگ کا ایک عملی فائدہ بھی تھا۔ اس سے گرد، داغ اور روزمرہ کام کے دوران لگنے والے نشان نسبتاً کم نمایاں ہوتے تھے۔ اس دور میں مزدور اپنے کپڑے آج کی طرح بار بار تبدیل نہیں کرتے تھے، اس لیے ایسا رنگ زیادہ کارآمد تھا جو جلدی گندا دکھائی نہ دے۔
وقت کے ساتھ جینز مزید مقبول ہوتی گئی
ڈینم کو بار بار دھونے اور پہننے سے اس کی سختی کم ہوتی گئی اور کپڑا زیادہ نرم محسوس ہونے لگا۔ مسلسل استعمال سے بعض جگہوں پر رنگ بھی ہلکا پڑتا گیا، جس سے جینز کو ایک منفرد اور قدرتی انداز ملتا تھا۔ یہی خصوصیات بعد میں جینز کی شناخت بن گئیں اور مزدوروں کے لباس سے نکل کر اسے دنیا بھر کے فیشن کا حصہ بنا دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈینم کا قدرتی رنگ خود گہرا نیلا نہیں ہوتا بلکہ اسے مخصوص ڈائی کے ذریعے وہ رنگ دیا جاتا ہے جسے آج ہم جینز کے ساتھ فوراً جوڑتے ہیں۔
آج مارکیٹ میں بلیک، گرے، سفید اور دیگر رنگوں کی جینز بھی آسانی سے مل جاتی ہے، لیکن نیلی جینز کی مقبولیت کے پیچھے فیشن سے زیادہ اس کی تاریخ، ڈائی کی خاصیت اور عملی ضرورت کا کردار ہے۔