اگر آپ بھی گوگل کروم ویب براؤزر استعمال کرتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ گوگل کی جانب سے دنیا کے اس مقبول ترین براؤزر میں موجود خطرناک سکیورٹی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے فوری اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔
چونکہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے 50 سے 60 فیصد افراد براؤزنگ کے لیے گوگل کروم کو ترجیح دیتے ہیں، اس لیے اس میں موجود سکیورٹی کمزوری کروڑوں صارفین کے لیے بہت بڑا خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ونڈوز صارفین کے لیے بڑا خطرہ اور 32 سنگین خامیاں فکس
یہ خطرناک سکیورٹی کمزوریاں خاص طور پر ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے کمپیوٹرز میں سامنے آئی ہیں ، اس نئی سکیورٹی اپ ڈیٹ میں مجموعی طور پر 32 سکیورٹی خامیوں اور کمزوریوں کو کامیابی کے ساتھ فکس کیا گیا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ سنگین خامی CVE-2026-102331 ہے، جسے ہیکرز سسٹم کی میموری کرپٹ کرنے اور نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کر سکتے تھے۔
گوگل کروم کو اپ ڈیٹ کرنے کا طریقہ کار
اگرچہ گوگل کروم عام طور پر خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے، تاہم سکیورٹی کے پیشِ نظر آپ خود بھی اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ اس کے لیے براؤزر کے اوپری دائیں جانب موجود تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کر کے سیٹنگز میں جائیں، اور پھر پیج کے بائیں جانب سب سے نیچے دیے گئے آپشن “اباؤٹ کروم” پر کلک کریں۔
ایسا کرنے پر گوگل کروم خود بخود چیک کر لے گا کہ براؤزر اپ ٹو ڈیٹ ہے یا نہیں، اور اگر اپ ڈیٹ موجود نہ ہوئی تو وہ خود بخود ڈاؤن لوڈ ہو کر انسٹال ہونا شروع ہو جائے گا۔ اپ ڈیٹ مکمل ہونے کے بعد صرف براؤزر کو ری لانچ کرنا ہوگا جس کے بعد آپ کا کروم بالکل محفوظ ہو جائے گا۔
براؤزر روز کا ساتھی ہے، اس لیے اسے محفوظ رکھنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے ، اپ ڈیٹ میں دیر نہ کریں، کیونکہ سکیورٹی خامیاں انتظار نہیں کرتیں۔