کیا آپ کی انسٹا گرام ریلز ویڈیوز پر ویوز نہیں آتے اور آپ سمجھ نہیں پاتے کہ کمی کہاں رہ گئی؟ اب اس مسئلے کا حل مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے سامنے آ گیا ہے۔
میٹا نے انسٹا گرام سے منسلک ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ ’ایڈٹس‘ میں ایک نیا اے آئی اسسٹنٹ متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد ریلز ویڈیوز کی رسائی بڑھانے میں مدد دینا ہے، ’ایڈٹ اسسٹنٹ‘ نامی یہ ٹول ایڈٹس ایپ کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔
یہ اسسٹنٹ کیسے کام کرتا ہے؟
یہ اے آئی ٹول ناظرین کے رجحانات، میٹرکس اور انسٹا گرام ٹرینڈز کا تجزیہ کر کے مواد کے لیے نئے آئیڈیاز فراہم کرتا ہے اور اسے استعمال کرنے کے لیے ایڈٹس ایپ میں نیچے دائیں جانب موجود ’نیو چیٹ‘ بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔
صارف براہِ راست یہ سوال کر سکتے ہیں کہ ان کی ایک ریل ویڈیو اچھی کارکردگی کیوں دکھا رہی ہے جبکہ دوسری کیوں پیچھے رہ گئی ہے ؟ اسی طرح اسسٹنٹ کو اپنی پوری پروفائل کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی دی جا سکتی ہے تاکہ وہ ان پہلوؤں کی نشاندہی کرے جنہیں بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ یہ ٹول ویڈیو کیپشنز، اسکرپٹ اور آڈیو کے حوالے سے تجاویز بھی دے سکے گا، جو کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے اپنے مواد کو بہتر بنانے کیلئے خاصی کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں۔
انسٹا گرام کی جانب سے اس اے آئی ٹول کی آزمائش کچھ عرصے سے محدود صارفین میں کی جا رہی تھی لیکن اب اسے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور بہت جلد یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
آج کے دور میں سوشل میڈیا پر کانٹینٹ بنانا جتنا آسان ہو گیا ہے، اسے لوگوں تک پہنچانا اتنا ہی مشکل ہوتا جا رہا ہے ، ہر روز لاکھوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں اور ایسے میں اپنی ویڈیو کو نمایاں کرنے کے لیے صرف اچھا مواد کافی نہیں رہا، بلکہ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ناظرین کیا دیکھنا پسند کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ اب بڑی ٹیک کمپنیاں کریئیٹرز کی مدد کے لیے اے آئی پر مبنی ٹولز متعارف کرا رہی ہیں، تاکہ وہ اپنی کارکردگی کا بہتر جائزہ لے کر آگے بڑھ سکیں۔