وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی اسلام آباد لانگ مارچ کے معاملے پر ہٹ دھرمی برقرار ہے جبکہ پارٹی کے اندر بھی تیاریوں اور ارکان کی شرکت کے حوالے سے تحفظات سامنے آچکے ہیں اس کے باوجود سہیل آفریدی مارچ ہر صورت نکالنے پر بضد ہیں۔
سیاسی حلقوں میں یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے کہ سہیل آفریدی کی لانگ مارچ کے لیے غیر معمولی سختی کے پیچھے صرف پارٹی پالیسی ہے یا ان کی اپنی سیاسی بقا بھی اس سے جڑی ہوئی ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد سہیل آفریدی نے خود کو پارٹی کی احتجاجی سیاست کے ساتھ جوڑ لیا ہے اور اگر وہ لانگ مارچ کی قیادت میں مطلوبہ کردار ادا نہ کرسکے تو پارٹی کے اندر ان کی پوزیشن کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اسی لیے سہیل آفریدی کے لیے لانگ مارچ محض ایک سیاسی احتجاج نہیں بلکہ اپنی وزارتِ اعلیٰ برقرار رکھنے کا امتحان بھی بن چکا ہے۔ ان کے بارے میں یہ رائے بھی سامنے آرہی ہے کہ اگر وہ پارٹی قیادت کی توقعات کے مطابق اسلام آباد مارچ نہ لے کر نکلے تو انہیں وزارتِ اعلیٰ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے بعض ارکان کی مارچ کی تیاریوں میں عدم دلچسپی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے پارٹی پارلیمانی اجلاس میں بعض ارکان کی کم دلچسپی پر ناراضی کا اظہار کیا، جبکہ کچھ ارکان اجلاس میں بالمشافہ شرکت کے بجائے آن لائن شریک ہوئے۔
اس صورتحال میں اصل سوال یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سیاسی دباؤ کے تحت لانگ مارچ پر ہٹ دھرمی جاری رکھتے ہیں یا صوبے کی حکمرانی اور امن و امان کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہیں۔ دوسری طرف سہیل آفریدی مسلسل 4 اکتوبر کے مارچ پر اپنے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔